ہرنائی: امن و امان کی مخدوش صورتحال، ڈپٹی کمشنر معطل

173

بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ضلع ہرنائی کی حالیہ کشیدگی کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد عارف کاکڑ کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔

سیکٹری بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ علاقے میں بڑھتے ہوئے سیکورٹی مسائل اور امن و امان کی خراب صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ہرنائی اور ملحقہ علاقوں میں مسلح افراد کی کارروائیاں جاری ہیں، ان واقعات میں ناکہ بندی کے دوران دو افراد کو قتل کیا گیا، جبکہ پاکستانی فوج کی بکتر بند گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک میجر اور دو دیگر اہلکار ہلاک ہوگئے۔

اس سے قبل ہرنائی میں نامعلوم افراد نے کوئلے سے لدے ٹرکوں کو نذرِ آتش کر دیا تھا اس دوران جائے وقوعہ پر آنے والی سپریٹنڈنٹ پولیس کی گاڑی کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔

مزید برآں کوئلہ ٹرکوں کو جلائے جانے کے خلاف ٹرک مالکان گزشتہ چار دن سے احتجاج کر رہے ہیں، جس کے باعث پنجاب کو کوئلے کی سپلائی معطل ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔