گوادر: پاکستانی کوسٹ گارڈ کے تشدد سے ماہیگیر جانبحق

374

فوجی میجر کے حکم پر اہلکاروں نے ماہیگیروں کی کشتی پر حملہ کیا، ایک ماہیگیر زخمی

پاکستانی کوسٹ گارڈ کے ہاتھوں گوادر میں بلوچ ماہی گیر قتل کا واقعہ، بلوچ نیشنل مومنٹ کے ادارے پانک کے مطابق پاکستانی کوسٹ گارڈ کے حملے میں گوادر کے علاقے جیوانی سے تعلق رکھنے والے بلوچ ماہی گیر عبدالغفار بلوچ جانبحق جبکہ عبدالصدیق نامی ماہیگیر زخمی ہوگئے۔

پانک کے مطابق، یہ حملہ کوسٹ گارڈ کے میجر احمد کے حکم پر کیا گیا، جس میں ماہی گیروں کی کشتی کو کچل دیا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیر جان کی بازی ہار گیا ہے۔

یہ واقعہ گوادر کے مقامی افراد کے ان خدشات کو مزید تقویت دیتا ہے کہ ریاستی ادارے، خاص طور پر کوسٹ گارڈ، ماہی گیروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

مقامی ماہی گیروں کے مطابق، کوسٹ گارڈ اکثر ماہی گیروں کو ہراساں کرتی ہے، اور مزاحمت کرنے پر انہیں زبردستی لاپتہ کردیا جاتا ہے یا قتل کردیا جاتا ہے۔

گوادر، جو پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کا ایک اہم مرکز ہے، آج بھی بنیادی ضروریات جیسے صاف پانی اور روزگار کے لیے ریاستی اداروں پر انحصار کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کے مقامی افراد نے کئی مرتبہ ہزاروں کی تعداد میں مظاہرے کیے ہیں، لیکن حکومتی دعووں کے باوجود ان کے مسائل کا کوئی حل نہیں نکالا جا سکا۔