کیچ: فورسز کیمپ پر حملہ، جانی نقصانات کی تصدیق

736

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے دشت کھڈان میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک کیمپ پر حملہ کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق، اتوار کی شام کو ہونے والے اس حملے کے دوران دونوں جانب سے گھنٹوں تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا اور شہر کے مختلف حصوں میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

فورسز حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار نائیک سیف اللہ ہلاک اور 8 دیگر اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

واقعہ کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں اس سے قبل بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں ایسے حملوں میں ملوث رہی ہیں۔ تاہم، آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔