کوئٹہ خودکش حملہ 77 سالہ ریاستی ناانصافی کا ردعمل ہے- سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان

472

بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور معروف سیاسی رہنماء نواب اسلم رئیسانی نے گذشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے خودکش حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بلوچستان میں 77 سالوں سے جاری ریاستی ناانصافی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں غیر جمہوری طرز حکمرانی، عوامی نمائندگی کی کمی اور جبری گمشدگیوں نے ایک ایسے ماحول کو جنم دیا ہے جہاں مظلوم عوام ردعمل کے طور پر شدت پسندی کی جانب مائل ہو رہے ہیں۔

اسلم رئیسانی نے واضح کیا کہ ریاستی ظلم اور عدم مساوات کی وجہ سے بلوچ عوام کے اندر بڑھتی بے چینی اب تشدد کی صورت میں سامنے آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مسئلے کا پائیدار حل صرف بلوچستان کو خود اختیاری حق دینے، قدرتی وسائل پر اختیار دینے، اور جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی سے ممکن ہے۔