کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف طویل بھوک ہڑتالی کیمپ جاری

108

کوئٹہ میں قائم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو آج 5640 دن مکمل ہو گئے، بی ایس او پجار کے سینئر وائس چیئرمین بابل ملک، ڈاکٹر طارق بلوچ، ایم جے بلوچ اور دیگر نے شرکت کرکے اظہارِ یکجہتی کی۔

اس موقع پر کیمپ آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا بلوچ قوم کے بہادر افراد دشمن کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی زمین اور حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دھرتی نے ہمیشہ قربانی دینے والے بلوچوں کو اپنی آغوش میں پناہ دی ہے، جنہوں نے اپنی جانیں دے کر آزادی اور انصاف کی شمع روشن رکھی۔

ماما قدیر نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کے خلاف دہائیوں سے ظلم و جبر جاری ہے، پچھلے 75 سالوں میں متعدد بلوچ مرد، خواتین، اور بچے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے، جن میں سے کئی افراد اذیت خانوں میں زندگی ہار گئے جبکہ بہت سے آج بھی نامعلوم حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو منظر عام پر لایا جائے اور جن پر الزامات ہیں، انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔

ماما قدیر بلوچ نے مزید کہا عالمی برادری کو بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر توجہ دینی چاہیے۔