کوئٹہ: بلوچستان کے طلباء تنظیموں کا طلباء پر تشدد و گرفتاریوں اور ہاسٹلز بندش کے خلاف مشترکہ احتجاج

170

کوئٹہ پولیس کی جانب سے بلوچ و پشتون طلباء پر تشدد و گرفتاریوں سمیت بی ایم سی ہاسٹلز کو بلا جواز بند کرنے کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بلوچستان کے طلباء تنظیموں کی جانب سے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

طلباء تنظیموں میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، بی ایس او پجار، پشتونخواہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شامل تھے۔

پریس کلب کے سامنے کیے گئے احتجاج میں طلباء سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

احتجاج میں بی این پی کے غلام نبی مری، اے این پی کے رہنما اصغر خان اچکزئی، نیشنل پارٹی سے ڈاکٹر اسحاق بلوچ اور بی وائی سی کے ذمہ دار گلزادی بلوچ شامل تھے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ پولیس کی جانب سے طلباء پر کیے جانے والے تشدد و غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کی اور ان کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کالج کو فعال کرنے اور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار طالبعلموں کو فوراً رہا کرکے بی ایم سی کے ہاسٹلوں کو کھولا جائے، اس کے ساتھ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے۔