کراچی: فائرنگ سے دو چینی شہری زخمی

639

کراچی میں ایک ٹیکسٹائل مل میں فائرنگ سے 2 چینی شہری زخمی ہوگئے۔

کراچی پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک ٹیکسٹائل مل میں پیش آیا۔

پولیس حکام کے مطابق ٹیکسٹائل مل کے سیکیورٹی گارڈ اور فیکٹری میں کام کرنے والے 2 غیر ملکی ملازمین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ تلخ کلامی کے بعد سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو غیر ملکی شہری زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی شہریوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

لیاقت نیشنل ہسپتال کے ترجمان نے کہا کہ ان دونوں کا علاج جاری ہے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔