بلوچستان کے ضلع واشک میں نامعلوم افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کرکے اسلحہ و سامان اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ جبکہ پنجگور، کیچ اور گندوا میں پاکستانی فورسز پر حملوں کی اطلاعات ہیں جبکہ دکی میں تعمیراتی کمپنی کو نشانہ بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق واشک کے علاقے رخشان میں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے گزشتہ رات لیویز چوکی پر حملہ کرکے لیویز کے اسلحہ، موٹر سائیکل سمیت تمام گاڑیوں کو قبضے میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے جبکہ چوکی کو نذر آتش کردیا گیا ہے۔
اس دوران جانی نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسی نوعیت کا واقعہ ضلع آواران کے علاقے گیشکور میں بھی پیش آیا تھا۔
دوسری جانب ضلع کیچ سے اطلاعات ہیں کہ نامعلوم افراد نے ہیرونک کے مقام پر پاکستانی فورسز کے چوکی کو نشانہ بنایا ہے۔
پنجگور سے بھی اطلاعات ہیں نامعلوم مسلح افراد نے مرکزی کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق علاقے میں کم از کم پانچ زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنیں گئیں۔
ادھر گنداوہ میں پولیس پر مسلح حملے کی اطلاعات ہیں جبکہ دکی تا چمالنگ روڈ تعمیر کرنے والی کمپنی کو جالار کے مقام پر مسلح افراد نے نشانہ بناکر مشینری نذرآتش کردی۔
ذرائع دعوی کررہے ہیں ان حملوں میں فورسز کو نقصانات کا سامنا رہا ہے تاہم حکام نے اس حوالے سے تاحال کوئی موقف پیش نہیں کی ہے۔ نہ ہی حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔