وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی بھوک ہڑتالی کیمپ نذر آتش

53

نامعلوم افراد نے وی بی ایم پی کے زیر قیادت قائم بھوک ہڑتالی کیمپ کو نذر آتش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر قیادت جاری طویل بھوک ہڑتالی کیمپ کو نذر آتش کردیا جس کے باعث کیمپ کا ٹینٹ جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔

لاپتہ افراد کے بازیابی کے لئے گذشتہ پندرہ سالوں سے کوئٹہ میں احتجاجی کیمپ قائم ہے۔

مذکورہ کیمپ کی قیادت کرنے والے اور وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا ہے کہ رات گئے پولیس کی قیادت میں انکے احتجاجی کیمپ کو نامعلوم افراد نے نذر آتش کردیا ہے جس سے تمام کیمپ جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی دفعہ نہیں کہ لاپتہ افراد کو ریاستی اداروں کی جانب سے نذر آتش کردیا گیا ہو جبکہ اس سے قبل تین دفعہ ہمارے احتجاجی کیمپ کو جلایا گیا لاپتہ افراد کے تصاویر پھاڑے گئے، سمجھ نہیں آتا ریاست ہمارے پرامن احتجاج سے اتنا خوفزدہ کیوں ہے۔

ماما قدیر بلوچ نے کہا ریاستی ادارے اس سے قبل ہمارے شہداء کے قبروں کے مقبرے گرا کر اپنی نفرت کا اظہار کرچکے ہیں اب کیمپ جلا کر اپنی نفرت ظاہر کررہے ہیں، تاہم ہمارے پرامن احتجاجی کیمپ کو جتنی بار جلایا جائے ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔