مستونگ دھماکہ، اسکول کے 5 بچوں سمیت 7 افراد جانبحق، سترہ زخمی

457

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سول ہسپتال اور گرلز اسکول چوک پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اسکول کے 5 بچوں سمیت 7 افراد جانبحق جبکہ 17 سے زائد زخمی ہو گئے۔

صبح تقریباً 8 بج کر 35 منٹ پر سول ہسپتال مستونگ کے قریب دھماکا ہوا، بظاہر دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، اب تک 7 افراد کے جانبحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جس میں 5 اسکول کے بچے و بچیاں شامل ہیں۔

کمشنر قلات ڈویژن نعیم بازئی نے بتایا دھماکے میں 17 افراد زخمی ہوئے، جنہیں نواب غوث بخش میموریل ہسپتال اور سول ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

مزید کہنا تھا کہ زخمیوں میں 6 کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

قبل ازیں، پولیس نے بتایا کہ دھماکا پولیس موبائل کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ متعدد رکشوں کو نقصان پہنچا۔