مستونگ، کیچ: پاکستانی فورسز پر حملے

291

نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز کو تین مختلف حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

اطلاعات کے مطابق منگل کے روز بلوچستان کے ضلع مستونگ اور کیچ میں تین مختلف حملوں میں پاکستانی فورسز کے کیمپ اور چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی فورسز کو جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

مستونگ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، نامعلوم افراد نے مستونگ شاہراہ پر کیڈٹ کالج کراس کے مقام پر قائم فورسز چیک پوسٹ کو حملے میں نشانہ بنایا، جہاں حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر شدید فائرنگ کی۔

مستونگ فورسز اور مسلح حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقوں ھوشاب اور تربت میں دو مختلف حملوں میں پاکستانی فورسز کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں پاکستانی فورسز کو جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ہوشاب حملے کے بعد فورسز نے مقامی بازار پر چھاپہ مارا اور دو نوجوانوں کو گرفتار کرکے کیمپ منتقل کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں فورسز کے کیمپ اکثر مقامی آبادی کے بیچ قائم کیے جاتے ہیں، جہاں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کے حملوں کے بعد فورسز نے متعدد بار مقامی آبادی پر چھاپے مارے اور لوگوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔

بلوچستان میں فورسز پر حملوں کی ذمہ داری اکثر بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرتی ہیں، تاہم ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔