جبری لاپتہ عبدالغفار کے کوائف ان کی والدہ نے وی بی ایم پی کے پاس جمع کرادیئے

118

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کے مطابق بی بی خدیجہ نے تنظیم سے شکایت کی کہ انکے بیٹے عبدالغفار ولد شیر زمان کو سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے رواں ماہ کی 19 تاریخ کو بادینی چوک سریاب سے غیر قانونی حراست میں لے کر جبری لاپتہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ عبدالغفار کو پہلے بھی ملکی اداروں نے دو دفعہ جبری لاپتہ کیا تھا لیکن ایک ایک ماہ حراست میں رکھنےکے بعد چھوڑ دیا تھا اب تیسری مرتبہ پھر عبدالغفار کو فورسز نے جبری لاپتہ کردیا۔

بی بی خدیجہ کا کہنا تھا کہ اسکا ایک بیٹا نعمت اللہ پہلے سے لاپتہ ہے جنہیں 8 دسمبر 2016 کو فورسز نے جبری لاپتہ کردیا جو تاحال لاپتہ ہے جس کا کیس کمیشن میں زیر سماعت ہے اب اسکے دوسرے بیٹے کو بھی جبری لاپتہ کردیا جس کی وجہ سے وہ اور انکا خاندان شدید کرب و اذیت میں مبتلا ہوئے ہیں۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ تنظیمی سطح پر بی بی خدیجہ کو یقین دھانی کرائی گئی کہ اسکے بیٹے عبدالغفار کے کیس کو حکومت، لاپتہ افراد کے حوالے سے بنائی گئی کمیشن اور اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ برائے جبری گمشدگی کو فراہم کیا جائے گا اور عبدالغفار اور نعمت اللہ کی باحفاظت بازیابی کےلیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی

نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عبدالغفار اور نعمت اللہ کی جبری گمشدگی کا فوری طور پر نوٹس لے اور انکی بازیابی کو یقینی بنا کر خاندان کو زندگی بھر کی اذیت سے نجات دلائے۔