بلوچستان: مختلف واقعات میں 6 افراد جانبحق، ایک زخمی

149

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور حادثات کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں خاتون سمیت 6 افراد جانبحق ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیویز تھانہ گنداواہ کے علاقے پتری کے قریب فائرنگ کے واقعے میں دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا، واقعے کی وجہ رشتہ کا تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔

ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ لیویز حکام نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب خضدار کے تحصیل نال میں واپڈا کے ایک پرائیویٹ ملازم، اعجاز احمد ہارونی، بجلی کا کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے، حادثہ پیش آنے کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ چکے تھے۔

ادھر سوراب کے علاقے بڑو سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی لاش کو ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثناء نصیرآباد کے علاقے چھتر میں غیرت کے نام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جانبحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ خاتون کی نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا جبکہ زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں قتل اور غیرت کے نام پر ہونے والے واقعات ایک افسوسناک معمول بن چکے ہیں۔ حقوقِ نسواں کی تنظیموں کے مطابق خواتین کو اکثر ذاتی تنازعات کی بنا پر نشانہ بنایا جاتا ہے، اور ان واقعات کو قبائلی رسم و رواج کے تحت غیرت کا نام دے کر ملزمان کو سزا سے بچنے کا موقع دیا جاتا ہے۔

ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قوانین کے نفاذ اور ان پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دے رہی ہیں ،بلوچستان میں بڑھتے ہوئے ان واقعات پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔