بلوچستان: حادثات میں دو بچوں سمیت 3 افراد جانبحق، 1 زخمی

83

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں مجموعی طور پر دو بچوں سمیت تین افراد جانبحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے سوروان کے مقام پر پانی کے بور مشین میں پھنس کر خضدار کا رہائشی عارف ولد اسحاق نامی شخص جان کی بازی ہار گیا، لاش ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرنے کے بعد خضدار روانہ کردیا گیا ہے۔

ادھر کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر 2سالہ محمد مدثر ایک گڑھے میں گر کر لاپتہ ہوگیا ہے جس پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا طویل آپریشن کے بعد بچے کی لاش گڑھے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردی گئی جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے شہر مستونگ کے علاقے درھینگڑھ کوشکک کے ایرا میں تین سالہ بچہ پانی کے ٹینکی میں گر کر جان کی بازی ہار گیا ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے علاقے پسنی میں تیل بردار گاڑی کے ٹکر سے موٹرسائیکل سوار اسکول ہیڈ ماسٹر عارف رشید زخمی ہو گئے ہیں جسے تشویشناک حالت میں پاک اومان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔