بلوچستان: حادثات اور واقعات میں 6 افراد جانبحق، دو زخمی

167

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر بچی سمیت 6 افراد جانبحق دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تربت کے علاقے سٹیلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے عبدالغفور ولد کریم کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے واقعہ میں صدیق ولد رفیق اور عصاء ولد عبدالغفور نامی دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب قلعہ عبداللہ کے علاقے کلی صالح زئی میں چچازاد بھائیوں میں لڑائی کے دوران فائرنگ سے تین بھائی شدید زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نا ہوسکے۔

قلعہ عبداللہ فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت شمس اللہ، اکرام اللہ، عزت اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات مقامی پولیس کررہی ہے۔

ادھر نصیرآباد کے علاقے میں نہر کنارے کھیلتی ہوئی 2 سالہ بچی کلثوم پٹ فیڈر کینال میں گر کر ڈوب کر جانبحق ہوگئی ہے، اہل علاقے کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو نہر سے نکال لیا گیا ہے۔

مزید برآں خضدار میں گنویں میں گرکر خاتون جان کی بازی ہارگئی ہے۔