بلوچستان: حادثات اور واقعات میں 4 افراد جانبحق، 2 زخمی

78

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 4 افراد جانبحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں جھگڑے کے دوران امان اللہ محمد حسین نامی شخص نے فائرنگ کرکے اپنے ہی بھائی حفیظ اللہ ولد خدا نظر محمد حسنی گولی مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

دوسری جانب پسنی کے قریب تربت سے کراچی جانیوالی کار گاڑی مکران کوسٹل ہائی وے پر اور ماڑہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی واقعہ میں افراد نصر اللہ اور عبد الرحمن نامی دو مسافر زخمی ہوگئے ہیں جنھیں طبعی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر بیلہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹنے سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شعیب مینگل نامی شخص جان کی بازی ہارگیا ہے۔

خضدار سے اطلاعات کے مطابق کلی شاہ محمد نزد ورکرز اسکول کے قریب باراتیوں کی گاڑی سے گر کر لڑکی شدید زخمی ہو گئی، تاہم بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگئی ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے علاقے ژوب پولیس کو ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے بعد ازاں ژوب کے رہائشی محمد ایوب مندوخیل کے نام شناخت کی گئی ہے۔

ژوب پولیس کے مطابق لاش کلی گدا خیل میں سپرو کاڑ سے برآمد ہوئی مذکورہ شخص گذشتہ چند روز سے لاپتہ تھے واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔