بلوچستان حادثات اور واقعات میں افراد 8 جانبحق، 14 زخمی

121

بلوچستان کے مختلف علاقوں پیش آنے والے واقعات اور حادثات میں مجموعی طور پر آٹھ افراد جانبحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے ہیں۔

حب شہر میں بدامنی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھوانی شاہ پمپ کے قریب فائرنگ کے ایک واقع میں 25 سالہ نوجوان علی نواز میروانی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے مقتول گھر سے فیکٹری ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔

حب پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش مقتول کے بھائی ڈاکٹر عبدالستار میروانی کے حوالے کر دی، ذرائع کے مطابق رواں سال میں حب شہر اور گردونواح میں اب تک 29 افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔

بولان کے علاقے سنی کے قریب عوام اور چوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، لیویز ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت نور خان اور عبیداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

لیویز نے لاشیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے ڈھاڈر کے سول اسپتال منتقل کردیں۔

وہاں خضدار میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے سینئر افسر اعجاز چنال زہری اپنی کمسن صاحبزادی سمیت ٹریفک حادثے میں جانبحق ہوگئے، جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہیں۔

حادثہ سنگداس کے مقام پر پیش آیا، جب ان کی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی اس حادثے میں مزید چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثناء بیلہ کے علاقے پیپرانی میں N-25 قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر کوچ اور ٹریکٹر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد جانبحق 13 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے لاشیں اور زخمیوں کو اوتھل اسپتال منتقل کیا، جبکہ شدید زخمیوں کو کراچی ریفر کر دیا گیا مزید کارروائیاں جاری ہیں۔