بلوچستان حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی

154

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کے تحصیل زہری میں روڈ حادثہ کے نتیجے میں نعمت اللہ زہری نامی نوجوان موقع پر جاںبحق ہوگئے، جانبحق نوجوان نائب اسداللہ شاہوزئی کے فرزند بتائے جارہے ہیں۔

دوسری جانب مستونگ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی تیز رفتار مسافر کوچ نے کلی غلام پڑینز کے مقام پر ایک بچے محمد طارق کو ٹکر مار دی، جس سے بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسے۔

خضدار کے سی پیک نال روڈ پر فیروز آباد کے مقام پر تیل بردار گاڑی زامیاد اور ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد موقع پر جانبحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

خضدار انتظامیہ کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جانبحق اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور جانبحق افراد کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

ادھر مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول کے مقام پر تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ کا حادثہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

حادثہ ٹائر برسٹ ہونے کے سبب پیش آیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو پی این ایس درمان ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

اوستہ محمد کے علاقے میں مگسی مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص محمد موسیٰ جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ مقتول کی نعش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

کوئٹہ کے سریاب روڈ پر فائرنگ کے ایک اور واقعے میں دشتی خان نامی شخص ہلاک جبکہ محمد عمران نامی شخص زخمی ہوگیا ہے۔