پاکستانی آرمی چیف سے چینی ملٹری کمیشن کے وائس چئیرمین کی ملاقات

435

چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی، ملاقات میں پاکستانی فوج کے سربراہ نے باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر زور دیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔

فوج کے مطابق جنرل ژانگ یوشیا نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم بھی کیا گیا۔

فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مشکل کی ہر گھڑی میں اعتماد پر پورا اترے ہیں۔

پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مثالی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں، آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی امور میں پاکستان سے تعاون پر چین سے تشکر کا اظہار کیا۔

دوسری جانب چینی وائس چیئرمین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی، چینی وائس چیئرمین نے انسداد دہشتگردی کیلئے پاک فوج کے عزم کی تعریف بھی کی۔

چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ نے کہا کہ چین باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینےکیلئے پر عزم ہے۔

واضح رہے کہ چین بلوچستان میں سی پیک سے متعلق مسلسل سیکیورٹی خدشات سے پریشان ہے ، جبکہ بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا ہےکہ پاکستان ابتک چین کو سی پیک میں سرمایہ کاری جیسا ماحول فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

یاد رہے کہ بلوچ لبریشن آرمی دو ہزار اٹھارہ سے مسلسل چین کے معاشی اور عسکری مفادات کو نشانہ بنا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ کراچی میں انتہائی حساس مقام پر سخت سیکورٹی حصار میں چین کے انجنئیرز پر بی ایل اے فدائین یونٹ مجید بریگیڈ اور انٹیلجنس ونگ زراب کے کامیاب حملے سے واضح ہوتا ہے کہ تنظیم پورے پاکستان میں کسی بھی مقام پر چین کے مفادات اور منصوبوں پر حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔