بلوچستان : حادثات اور واقعات میں 7 افراد جانبحق، 3 زخمی

122

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 7 افراد جانبحق اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سوراب کے قریب کوئٹہ، کراچی مرکزی شاہراہ پر تیز رفتار گاڑی کا ٹائر برسٹ ہونے کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جانبحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جانبحق ہونے والے افراد کا تعلق پنجگور سے بتایا جاتا ہے۔

دوسری جانب کچھی کے علاقے بھاگ میں نامعلوم افراد نے نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر محمد اکبر بلوچ پر فائرنگ کر دی ، اس حملے کے نتیجے میں محمد اکبر بلوچ جانبحق ہوگئے۔ مقتول نیشنل پارٹی ضلع کچھی کے سابق جنرل سیکرٹری تھے۔

پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال بھاگ منتقل کر دیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ادھر گذشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد شافق علی اور فوجی حوالدار نوید نامی شخص اسپتال میں دوران علاج چل بسے ، جس سے کوئٹہ خودکش ھماکے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے۔

مزید برآں ضلع کوہلو کے علاقے مری بازار میں ایک نوزائیدہ بچی کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی ہے، لیکن ابھی تک ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا۔