کولواہ: پاکستانی فورسز پر حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی کیے۔ بی ایل ایف

136

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے سرمچاروں نے سترہ اکتوبر بروز جمعرات دوپہر کے وقت کولواہ کے علاقے شاہ باتل میں گھات لگا کر پاکستانی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا، حملے میں بھاری اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کی زد میں آکر تین پاکستانی فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب پاکستانی فوجی اہلکار کیمپ میں راشن لیجانے والی گاڑیوں کی حفاظت پر تعینات تھے۔ حملہ بیس منٹ تک جاری رہا۔

انہوں نے کہاکہ بی ایل ایف کی انٹیلیجنس ٹیم کی اطلاع پر سرمچاروں نے پہلے سے ہی راستے میں پوزیشنز سنھبال لیں اور دشمن فوجی اہلکاروں کی آمد پر شدید فائرنگ کرکے انہیں جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہاکہ سرمچاروں کے کامیاب حملے کے بعد خوفزدہ فوجی اہلکاروں نے عام آبادیوں پر شدید فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک بچہ روشن ولد فقیر زخمی ہوا۔

ترجمان نے کہاکہ بی ایل ایف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوامی حمایت اور انٹیلیجنس کی معلومات پر موثر کاروائیاں سر انجام دیتی ہے اور آج کی کاروائی بھی مکمل طور پر انٹیلیجنس معلومات پر مبنی تھی۔

آخر میں کہاکہ بلوچستان لبریشن فرنٹ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور آزاد بلوچستان کے حصول تک کاروائیاں سر انجام دینے کا عزم کرتی ہے۔