کراچی: بی وائی سی کے ڈپٹی آرگنائزر کو پانچ ساتھیوں کے ہمراہ تھانے سے لاپتہ کردیا گیا ۔ ماہ رنگ بلوچ

349

کراچی میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی احتجاجی ریلی کے دوران گرفتار کارکناں کو پولیس سے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے آرگنائزر ماہ رنگ بلوچ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ڈپٹی آرگنائزر لالا وہاب بلوچ ، پانچ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لاپتہ کر دیئے گئے ہیں انہیں آج کراچی پریس کلب کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پورے دن بغیر کسی ایف آئی آر کے حراست میں رکھا گیا ، اب انہیں تھانے سے لاپتہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار کارکناں نو بجے تک پولیس اسٹیشن میں موجود تھے جنہیں بعد میں نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔

گذشتہ روز بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کراچی سمیت بلوچستان سے جبری گمشدگیوں کے بڑھتے واقعات اور رواں ماہ 60 کے قریب افراد کی جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا جس کا آغاز آج کراچی سے ہونا تھا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے سامنے منعقد احتجاجی ریلی پر سندھ پولیس نے دھاوا بول دیا، پولیس نے متعدد مظاہرین کو تشدد نشانہ بناکر گرفتار کرلیا ہے۔