مانچسٹر سٹی کے روڈری، بارسلونا کے بونماٹی سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

92

ہسپانوی قومی ٹیم اور انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر سٹی کے اسٹار کھلاڑی اور دفاعی مڈفیلڈر روڈریگو ہرنینڈز نے 2024 کے بہترین فٹ بالر کا بیلن ڈی اور جیت لیا ہے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے مانچسٹر سٹی کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس سال بہترین مرد کھلاڑیوں کی دوڑ میں ریال میڈرڈ اور برازیل کے فارورڈ ونیسیئس جونیئر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ریال میڈرڈ کے انگلش مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم تیسرے نمبر پر رہے۔

بہترین خاتون فٹبالر کا ایوارڈ دوسری بار ہسپانوی اور بارسلونا کلب کی مڈفیلڈر ایتانا بونماٹی کے حصے میں آیا۔ خواتین کی دوڑ میں دیگر دو سرفہرست کھلاڑی بھی بارسلونا سے ہی آئے تھیں۔

اس سال کی بہترین نوجوان کھلاڑی کی کوپا ٹرافی ہسپانوی اور بارسلونا کی اسٹار لامین یامل کے حصے میں آئی۔

واضح رہے کہ بیلن ڈی جسے فٹبال کے کسی کھلاڑی کے لئے سب سے بڑا ایوارڈ مانا جاتا ہے فرانس فٹبال کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر کے 100 صحافیوں اپنے ووٹ سے سال کے بہترین کھلاڑی کا انتخاب کرتے ہیں۔

اسی طرح اس سال بہترین گول کیپر کی یاشین ٹرافی ارجنٹائن کے ایمیلیانو مارٹنیز اور انگلش کلب ایسٹن ولا کو دی گئی۔ ایمیلیانو نے یہ اعزاز مسلسل دوسری مرتبہ جیتا ہے۔

اس سال مردوں کے فٹ بال کے بہترین کلب کا ٹائٹل ریال میڈرڈ کے حصے میں آیا جب کہ خواتین کے فٹبال میں بارسلونا کی خواتین کی ٹیم بہترین ٹیم قرار پائی۔