قلات: تعمیراتی کمپنی کے سائٹ پر حملہ، ہیوی مشینری نذرآتش

470
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع قلات میں مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے مشینری کو نذرآتش کرکے تباہ کردیا۔

قلات کے علاقے مہلبی میں مرجان کے مقام پر روڈ تعمیرات کیلئے استعمال ہونے والے کرش پلانٹ کے ہیوی مشینری کو مسلح افراد نے نذرآتش کرکے تباہ کردیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق گذشتہ شب مسلح افراد کی بڑی تعداد نے مذکورہ سائٹ کو گھیرے میں لیکر کمپنی کے اہلکاروں کو حراست میں لیا جبکہ وہاں موجود تمام ہیوی مشینری کو نذرآتش کرکے تباہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کے اہلکاروں کو بعدازاں رہا کردیا گیا اور حملہ آور نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔

حکام نے اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

خیال رہے بلوچستان میں روڈ و دیگر پروجیکٹس پر کام کرنے والی کمپنیاں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیوں کے نشانے پر رہے ہیں۔

مذکورہ تنظیموں کا موقف ہے کہ تعمیرات کے نام پر استحصالی پروجیکٹس کو توسیع دی جاتی ہے جبکہ روڈ تعمیرات فوجی مقاصد کیلئے استعمال کیئے جاتے ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔