شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس، ریڈ زون آنے والے تمام راستے بند

225

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے لیے اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون آنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ پارک روڈ کو بنی گالہ سے اور راول ڈیم چوک کو کلب روڈ سے بند کیا گیا ہے جب کہ فیصل ایونیو کو فیض آباد کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جے پی روڈ سے آئی ایٹ جانے والے راستے بند ہیں۔ اسی طرح کشمیر ہائی وے پر کنونشن سینٹر جانے والی سڑک بھی بند ہے۔اس کے علاوہ بارہ کہو سے مری روڈ جانے والے راستے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

سیکورٹی خدشات کے پیش نظر نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تکمیل کی تقریب گوادر کے بجائے اسلام آباد میں ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے شرکت کی۔

چینی وزیراعظم نے نئے گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کیا۔

واضح رہے کہ گوادر ائیرپورٹ سی پیک پروجیکٹ کا حصہ ہے، سی پیک کو بلوچ سیاسی و عسکری حلقوں کی جانب سے استحصالی منصوبہ قرار دیا جاچکا ہے جس کے ردعمل میں سیاسی حلقوں کی جانب سے اندرون و بیرون ملک مختلف فورمز پر احتجاج کرنا اور بلوچ مسلح آزادی پسند جماعتوں کی جانب سے سی پیک و دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گوادر پورٹ ، سی پیک، سیندک اور دیگر پراجیکٹس کے باعث بلوچستان میں چائنیز انجینئروں و دیگر اہلکاروں پر خودکش حملوں میں شدت دیکھنے میں آئی ہے۔

یاد رہے کہ بلوچ لبریشن آرمی دو ہزار اٹھارہ سے مسلسل چین کے معاشی اور عسکری مفادات کو نشانہ بنا رہا ہے اور حالیہ کراچی میں انتہائی حساس مقام پر سخت سیکورٹی حصار میں چین کے انجنئیرز پر بی ایل اے فدائین یونٹ مجید بریگیڈ اور انٹیلجنس ونگ زراب کے کامیاب حملے سے واضح ہوتا ہے کہ تنظیم پورے پاکستان میں کسی بھی مقام پر چین کے مفادات اور منصوبوں پر حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔