سندھ وزارت داخلہ کا کراچی میں غیر ملکیوں کی قافلے پر حملے کی تصدیق

747

وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے کراچی دھماکے میں غیر ملکی شہریوں کے قافلے کو نشانہ بنانے کی تصدیق کردی ہے-

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کے مقام سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ دھماکا آئی ای ڈی ہے، دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑیوں میں غیرملکی شہری سوار تھے۔

وزیرداخلہ سندھ نے کہا ہے کہ دھماکے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کے بھی اطلاعات ہیں، جبکہ دھماکے سے متعلق مزید معلومات حاصل کررہے ہیں، مزید شواہد کو دیکھ کر ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز شہر میں دور دور تک سنائی دی اور دھماکہ کے زد میں آکر درجنوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

کراچی دھماکہ کے فوراً بعد ہی بلوچستان میں متحرک آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے میڈیا کو بھیجے گئے بیان میں کہا ہے کہ بی ایل اے کے فدائی یونٹ مجید بریگیڈ نے کراچی میں جناح ائیرپورٹ سے نکلنے والے چینی انجنیئروں و سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی قافلے کو ایک فدائی وی بی آئی ای ڈی حملے میں نشانہ بناکر متعدد چینی و انکے حفاظت پر مامور فوجی اہلکار ہلاک کردیئے۔

انہوں نے کہا بی ایل اے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور تفصیلات میڈیا میں جلد جاری کی جائیں گی۔