سفری پابندی، ماہ رنگ بلوچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

365

ماہ رنگ بلوچ نے حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام شامل کیئے جانے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

بلوچ سیاسی کارکن و بلوچ یکجہتی کمیٹی کے آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے ایف آئی اے کی جانب سے انھیں کراچی ایئرپورٹ پر روکنے اور حکام کی جانب سے انکا نام ای سی ایل، سفری پابندی لسٹ میں نام ڈالے جانے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

رواں مہینے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ویزا کی تصدیق کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں امریکہ جانے سے روک دیا اور بعد ازاں ایئرپورٹ سے واپسی گھر جاتے ہوئے سندھ پولیس اور پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے انھیں ہراساں کیا اور انکے موبائل فون اور پاسپورٹ چھین لئے۔

یاد رہے کہ اس دوران ماہ رنگ بلوچ امریکہ کا سفر کررہے تھیں جہاں انھیں عالمی میگزین ٹائمز کی جانب سے 100 با اثر افراد کی فہرست میں شامل کرنے کے بعد امریکی شہر نیویارک میں منعقد پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا۔

ماہ رنگ بلوچ کے قانونی نمائندہ ایمان مزاری نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو ایک نوٹس پیش کیا ہے۔

ایمان مزاری کا کہنا ہے ہم توقع کرتے ہیں کہ ریاست جو ماہ رنگ بلوچ کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے بہت بے چین تھی، اس نوٹس کا جواب دے گی کہ ڈاکٹر بلوچ کو کیوں حراست میں لیکر ہراساں کیا گیا اور کیوں سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا ہم نے اس درخواست میں نو فلائی لسٹ کی پابندیوں کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے اور ریاستی حکام کی جانب سے بلوچوں کے ساتھ ناروا سلوک کے لیے جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔