بی این ایم چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ کی برطانوی ممبر پارلیمنٹ جان میکڈونل سے ملاقات ، بلوچستان کی صورتحال پر گفت و شنید

130

بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین نے برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر جان میکڈونل سے برطانوی پارلیمنٹ میں ملاقات کی اور انھیں بلوچستان کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔

جان میکڈونل نے انسانی حقوق اور دیگر معاملات پر چیئرمین بی این ایم کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

بی این ایم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے طرف سے ستمبر کے وسط میں بلوچستان کی قومی آزادی کی تحریک اور انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ہمہ جہت مہم کا آغاز کیا گیا جس کی قیادت بی این ایم کے چیئرمین کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے اقوام متحدہ کے 57 ویں انسانی حقوق کونسل کے دوران مباحثوں سمیت کئی کانفرنسز میں شرکت کی اور مختلف اداروں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔

اپنے مہم کے دوسرے مرحلے میں وہ برطانیہ میں موجود ہیں یہاں انھوں نے ایک تنظیمی پروگرام ، ورلڈ سندھی کانگریس کی کانفرنس میں شرکت کی اور بلوچ قوم کی خیرخواہ برطانوی سیاستدان جان میکڈونل سے ملاقات کیا۔

جان میکڈونل برطانیہ کے اہم سیاستدان ہیں جو سماجی انصاف ، نابرابری کے خاتمے کے لیے معاشی اصطلاحات ، ڈیموکریٹک سوشل ازم ، عالمی امن اور ماحولیات استحکام کی وکالت کے لیے جانے جاتے ہیں۔

وہ گذشتہ کافی عرصے سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر برطانوی پارلیمنٹ میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے آ رہے ہیں۔ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور بلوچ حق خودارادیت کی حمایت میں بلوچ سیاسی حلقوں میں جان میکڈونل ایک قابل قدر شخصیت مانے جاتے ہیں۔

اس ملاقات میں چیئرمین بی این ایم کے ساتھ بی این ایم کے جونیئر جوائنٹ سیکریٹری حسن دوست بلوچ، ادارہ امور خارجہ کے کوارڈینیٹر فہیم بلوچ اور ڈپٹی کوارڈینیٹر نیاز بلوچ بلوچ ھمراہ تھے۔