بلوچ یکجہتی کمیٹی جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

251

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بی وائی سی بلوچ شہریوں کی جبری گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات بالخصوص بلوچ طلباء کو نشانہ بنانے کے ردعمل میں “خاموشی کو توڑنا: جبری گمشدگیوں کے خلاف کھڑے ہونا” کے عنوان کے تحت احتجاجی مظاہروں کا ایک سلسلہ شروع کررہی ہے-

احتجاجی مرحلے کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا جہاں بعد ازاں حب سے ہوتے ہوئے خضدار اور دیگر علاقوں میں احتجاجی ریلی اور مظاہرے منعقد کیئے جائینگے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کے شیڈول اور مظاہرے کے مقامات بھی اپنے آفیشل پیج پر شائع کردیا ہے۔

مظاہروں کے حوالے سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا بلوچستان سے جبری گمشدگیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، رواں ماہ کے چند روز میں ہی اندر درجنوں بلوچ افراد کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا، جس سے بلوچ قوم میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔

ماہ رنگ بلوچ کے مطابق حالیہ دنوں جبری گمشدگیوں کا نشانہ بننے والوں میں سب سے زیادہ میں بلوچ طلباء شامل ہیں، جنہیں کراچی، لاہور، اور بلوچستان کے مختلف علاقوں بشمول ڈیرہ بگٹی، نوشکی، قلات، تربت، وندر، نال اور پنجگور سمیت مختلف علاقوں سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے۔

ماہ رنگ بلوچ نے کہا ہے کہ عوام جبری گمشدگیوں کے خلاف اس احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں اور آواز بلند کریں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماء نے کہا ہم انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داروں کا محاسبہ کریں، عالمی برادری کی خاموشی ایک پوری قوم کے تحفظ اور حقوق کے لیے خطرہ ہے، اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو مزید ناانصافیوں کو روکنے کے لیے مداخلت کرنی چاہیے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) بلوچ عوام کی جبری گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات بالخصوص بلوچ طلباء کو نشانہ بنانے کے ردعمل میں “خاموشی کو توڑنا: جبری گمشدگیوں کے خلاف کھڑے ہونا” کے عنوان کے تحت احتجاجی مظاہروں کا ایک سلسلہ شروع کر رہی ہے۔ یہ احتجاجی مظاہرے بلوچستان اور کراچی میں ہوں گے۔

بی وائی سی احتجاجی شیڈول کے مطابق اتوار 20 اکتوبر کو کراچی پریس کلب کے سامنے 4 بجے، پیر 21اکتوبر کو حب چوکی میں لسبیلہ پریس کلب 4 بجے، منگل 22 اکتوبر کو خضدار میں شہید رزاق چوک تا آزادی چوک‏ 3 بجے، بدھ 23 اکتوبر کو تربت میں شہید فدا چوک پر 4 بجے، جمعرات 24 اکتوبر کو پنجگور میں شہید جاوید چوک پر 3 بجے، جمعہ 25 اکتوبر کو خاران میں نواب اکبر خان اسٹیڈیم تا پریس کلب کے سامنے ‏3 بجے، ہفتہ 26 اکتوبر کو شال میں بلوچستان یونیورسٹی تا ہاکی چوک 3، اتوار 27 اکتوبر کو نوشکی میں گل خان نصیر پبلک لائبریری تا پریس کلب 9:30 بجے، پیر 28 اکتوبر کو دالبندین میں عرب مسجد تا شہید حمید اللہ چوک پر 4، منگل 29 اکتوبر کو یک مچھ ہائی اسکول تا سیپیک روڈ پر 11 بجے، بدھ 30 اکتوبر کو نوکنڈی میں شہید حمید اللہ چوک تا بازار 4:30 بجے، جمعرات 31 اکتوبر کو چاغی میں لشکر آب اڈہ تا محمد حسنی مارکیٹ 10 بجے مظاہرے اور ریلیاں انعقاد کررہے ہیں۔