بلوچستان: فائرنگ و روڈ حادثات میں 9 افراد جانبحق، 2 زخمی

215
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد جانبحق اور مزید 2 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اوستہ محمد شہر میں سٹی تھانہ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے ہوٹل پر فائرنگ سے معشوق علی ڈرگھ نامی شخص شدید زخمی ہوگئے جنھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا

تاہم وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے راستے میں دم تھوڑ گئے، پولیس نے لاش ورثاء کے حوالے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

ادھر بولان کی تحصیل سنی میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے میر جان نامی شخص جانبحق ہوگیا، جسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد شواہد اکھٹے کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔

فائرنگ کا ایک اور واقعہ کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کے ہاتھوں باپ بیٹے سمیت تین افراد قتل ہوگئے۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے لورالائی میں شاہ کاریز کے مقام پر ڈائیو بس کی ٹکر سے دو نوجوان موقع پر جانبحق ہوگئے جن کی لاشیں شناخت اور پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال لے جایا گیا ہے۔

مزید برآں بیلہ شہر کے قریب شیشہ ہوٹل کے مقام پر مین قومی شاہراہ پر ٹرالر اور دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار خضدار کے رہائشی محمد سلیم ولد جان محمد اور پنجاب صادق آباد سے تعلق رکھنے والے عبد الستار ولد عبد الرحمن موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

جبکہ واقعہ میں خضدار کے رہائشی سیف اللہ ولد عبدالغنی پنجاب کے رہائشی شامیر ابڑو ولد قدیر احمد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال بیلہ منتقل کردیا گیا، جنہیں طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹر کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔