بلوچستان: فائرنگ و دیگر واقعات میں 9 افراد جانبحق، پانچ زخمی

171

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ و دیگر واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد جانبحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل زہری کے یوسی بلبل میں بجلی کی کرنٹ لگنے سے سفرخان ولد احمد خان سلمانجو ساکن بلبل کلائی جانبحق ہوگئے-

دوسری جانب نوشکی کچکی کے قریب ویگن اور موٹر سائیکل کے حادثے میں بلوچستان کے علاقے مستونگ گردگاپ کا رہائشی علی اکبر نامی شخص جانبحق ہوگیا جس کی لاش میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کوئٹہ دشت زین اسکیم کے قریب وین اور پک اپ میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق اور تین افراد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر ژوب کوئٹہ مرکزی شاہراہ بی آر سی کالج کے قریب بس کی ٹکر سے دو نوجوان موقع پر جانبحق ہوگئے-

ایک اور حادثے میں مانجھی پور کے قریب دو سالہ بچہ پانی میں میں ڈوب کر جانبحق ہو گیا، بچے کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ والدین غم سے نڈھال ہوگئے۔

آج ہی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔

فائرنگ کا پہلا واقعہ پنجگور میں پیش آیا جہاں چتکان ٹرمینل کے قریب نامعلوم مسلح گاڑی سواروں کی فائرنگ سے پیر جان ولد صوفی محمد اسلم سکنہ جائین پروم جانبحق ہو گیا، جبکہ حملہ آور موقع واردات سے فرار ہوگئے۔

ادھر دکی سلیزئی ٹاپ معراج کے علاقے میں ڈکیتی کے دؤران ڈاکوں کی فائرنگ سے ایک شخص جانبحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ موقع واردات پر موجود جانبحق شخص کے دوستوں کے تشدد سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔

دکی میں جانبحق کی شناخت غلام شاہ ولد محمد شاہ قلندرانی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت ملا طاہر ولد حاجی غلام علی قلندرانی کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید برآں خضدار کے علاقے وڈھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حاجی نور احمد شاہیزئی نامی شخص جان بازی ہارگیا ہے جس کی لاش وڈھ اسپتال منتقل کرکے پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔