بلوچستان: فائرنگ اور روڈ حادثات کے واقعات میں چار افراد جانبحق

1

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے روڈ حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر چار افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی میں پیرکس روڈ حبکو عباس گوٹھ کے قریب تیز رفتار کار گاڑی الٹنے کے نتیجے میں 14سالہ انیس نامی نوجوان جانبحق ہوگیا۔

واقعہ میں جانبحق بچے کو اسپتال منتقل کرکے ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

اسی طرح اوتھل شہر میں کوئٹہ کراچی شاہراہ اوتھل کلمتی اسٹاپ کے قریب تیز رفتار مزدہ ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ابوبکر ولد محمد اور غلام رسول ولد محمد علی نامی دو نوجوان جانبحق ہوگئے۔

مزید برآں پنجگور کے علاقے چتکان میں دکان پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کر کے گوارگو سراپ یونین کونسل کے کونسلر کو قتل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل منڈی چتکان بازار میں فائرنگ کرکے نوکاپ ولد نور الدین سکنہ گوارگو کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے مزید تحقیقات پنجگور پولیس کررہی ہے۔