ایمان مزاری اور ہادی علی کی گرفتاری، غیر متناسب اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ایمنسٹی

75

‎ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت انسانی حقوق کے وکلاء ایمان زینب مزاری حاضر اور ہادی علی کی گرفتاری اور مسلسل نظربندی ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہے اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے غلط استعمال کی ایک اور مثال ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے الزامات کسی بھی ایسے جرم سے مطابقت نہیں رکھتے جن کا ایمان مزاری اور انکے شوہر پر عائد کئے گئے ہیں، حکام کی طرف سے اس طرح کی کارروائی حد سے زیادہ، غیر متناسب اور بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمان اور ہادی کو 28 اکتوبر کو حراست میں لیا گیا تھا اور گرفتاری کے 24 گھنٹے بعد انہیں الزامات سے آگاہ کیا گیا تھا، ایمان کو اس سے قبل بھی گرفتار کیا گیا تھا اور اگست 2023 میں پی ٹی ایم کے جلسے میں اس کی شرکت اور تقریر کرنے پر ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

تنظیم نے کہا غیر متناسب الزامات، خاص طور پر دہشت گردی سے متعلق، کو فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے، اور حکام کو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت منصفانہ ٹرائل کے اپنے حق کو یقینی بنانا چاہیے، بشمول قانونی مشاورت تک غیر محدود رسائی۔