ایران کی فضائی دفاعی افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے تہران، خوزستان اور ایلام صوبوں میں اس کے اڈوں پر حملے کیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حملوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا گیا ہے لیکن کچھ مقامات پر ’محدود نقصان‘ ہوا ہے۔
ادھر اسرائیلی دفاعی افواج کا کہنا ہے کہ ایرانی فوجی ٹھکانوں پر حملے مکمل ہو چکے ہیں۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کچھ دیر پہلے، آئی ڈی ایف نے ایران کے متعدد علاقوں میں فوجی اہداف کے خلاف درست اور ہدف کے حملے مکمل کیے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ ہمارے طیارے بحفاظت گھر واپس آ گئے ہیں۔‘
بی بی سی کے امریکی نیوز پارٹنر سی بی ایس نیوز سے بات چیت کرنے والے دو دفاعی عہدیداروں کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیل میں اپنے ہم منصب وزیر دفاع یویو گیلنٹ سے بات کی ہے۔
ایران اور عراق نے اپنی اپنی فضائی حدود بند کر دیں، تمام پروازیں معطل
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایران کے سرکاری میڈیا ایجنسی ارنا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان نے ارنا کو بتایا کہ ملک نے تمام پروازیں تاحکم ثانی منسوخ کردی ہیں۔
اس سے پہلے عراق نے بھی اپنی فضائی حدود بند کر نے کا اعلان کیا ہے۔
عراق کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا تھا کہ وہ خطے میں جاری فوجی آپریشن کے پیش نظر ملک کی فضائی حدود کو بند کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی این اے کے حوالے سے بتایا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث تمام ہوائی اڈوں پر فضائی آمدورفت تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔
امریکہ کا ایران سے جوابی کارروائی نہ کرنے کا مطالبہ
مریکہ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اس کے خلاف اسرائیل کے تازہ ترین حملوں کا جواب نہ دے۔
امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اگر ایران نے ایک بار پھر جواب دینے کا فیصلہ کیا تو ہم تیار رہیں گے اور ایک بار پھر ایران کے لیے اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکہ ایسا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ اسرائیل اور ایران کے درمیان براہ راست حملوں کے تبادلے کا اختتام ہونا چاہیے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن ’لبنان میں جنگ کے خاتمے کے لیے کوششوں کی قیادت کرنے‘ اور اسرائیل سے پکڑے گئے یرغمالیوں کی واپسی سمیت غزہ میں جنگ بندی کے حصول کی کوشش کرنے کے لیے تیار ہے۔
آئی ڈی ایف کا ایران میں میزائل بنانے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر سنیچر کے روز ایران پر فضائی حملے کیے اور اس کے فضائیہ کے طیاروں نے وہ میزائل بنانے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو ایران نے گذشتہ سال اسرائیل پر داغے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے ساتھ ہی آئی ڈی ایف نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں اور اضافی ایرانی فضائی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا جن کا مقصد ایران میں اسرائیل کی فضائی آزادی کو محدود کرنا تھا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اپریل اور اکتوبر میں ایران کے حملوں اور خطے میں اس کے پراکسیوں کی حمایت علاقائی استحکام اور سلامتی اور عالمی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔