اسرائیل کا مزید لبنانی علاقوں سے انخلا کا حکم، حزب اللہ کے حملے بھی جاری

95

اسرائیل اور لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ اسرائیل کی فوج نے ہفتے کو لبنان کے 23 دیہات کے رہائشیوں کو علاقے خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسرائیل کی فوج کی جانب سے بھیجے گئے حکم نامے میں جنوبی لبنان میں موجود دیہات کا ذکر کیا گیا ہے جہاں اسرائیل نے حالیہ دنوں میں کارروائیاں کی ہیں۔ ان میں سے اکثر دیہات پہلے ہی تقریباً خالی ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی وجہ سے مکینوں کی حفاظت کے لیے انخلا ضروری ہے۔

فوج نے دعویٰ کیا کہ عسکری تنظیم اسرائیل پر حملے کرنے اور ہتھیار چھپانے کے لیے ان جگہوں کا استعمال کر رہی ہے۔ حزب اللہ شہریوں کے بیچ اپنے ہتھیار چھپانے کی تردید کرتی ہے۔

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان حالیہ تنازع ایک سال قبل اس وقت شروع ہوا تھا جب حزب اللہ نے غزہ جنگ کے آغاز پر فلسطینی عسکری تنظیم حماس کی حمایت میں شمالی اسرائیل پر راکٹ داغنا شروع کیے تھے۔ تاہم گزشتہ ماہ اس تنازع میں شدت آئی اور دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے اہم کمانڈروں کو ہلاک کیا گیا جس میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کو ایران کی حمایت حاصل ہے جب کہ امریکہ اسے دہشت گرد گروپ قرار دے چکا ہے۔

لبنان کی حکومت کے مطابق جنوبی لبنان، وادی بیکا اور بیروت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی حملوں میں شدت کے باعث 23 ستمبر سے اب تک 12 لاکھ لوگ اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر نے ہفتے کو کہا ہے کہ 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ کی آخری بڑی جنگ کے مقابلے میں اب زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس وقت لگ بھگ 10 لاکھ لوگوں نے اپنا گھر بار چھوڑا تھا۔

حزب اللہ کا اسرائیل پر حملہ

دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے ہفتے کو اسرائیلی فوجی اڈے پر متعدد راکٹ داغے ہیں۔

یہ راکٹ ایسے موقع پر داغے گئے جب اسرائیل میں یومِ کپور کی مناسبت سے مارکیٹیں بند تھیں جب کہ پروازیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند تھی۔

یومِ کپور یہودیوں کا مقدس دن ہے جسے کفارے کا دن بھی کہا جاتا ہے۔ اس روز یہودی خصوصی عبادات کرتے ہیں اور طویل روزہ بھی رکھتے ہیں۔

حزب اللہ کے مطابق حیفا شہر کے جنوب میں فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔

ہفتے کو جاری کردہ ایک بیان میں عسکری تنظیم نے کہا کہ حزب اللہ کے جنگجوؤں نے میزائلوں سے دھماکہ خیز مواد کی فیکٹری کو نشانہ بنایا۔

ادھر شمالی اسرائیل میں فضائی حملے کے پیشِ نظر سائرن بھی بجے جب کہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے لبنان سے آنے والے راکٹ کو ناکام بنا دیا ہے۔