بلوچستان: فائرنگ و روڈ حادثات میں 3 افراد جانبحق، 18 زخمی

66
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 3 افراد جانبحق، 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں کوئٹہ، کراچی مرکزی شاہراہ پر دو موٹر سائیکل سوار گاڑی کے زد میں آگئے،جس کے نتیجے میں عبدالاحد ولد عبد الستار مینگل اور عبد العزیز ولد علی محمد محمد شہی سکنہ منگوچر موقع پر جانبحق ہوگئے-

جانبحق افراد کی لاشوں کو قلات سول اسپتال منتقل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ادھر اوستہ محمد سے کوئٹہ جانے والی مسافر ویگن کا ٹائر سبی کے قریب برسٹ ہونے سے 7 بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے، جنھیں طبعی امداد کے لئے سبی ٹیچنگ اسپتال لے جایا گیا ہے۔

ضلع خضدار کے علاقے اورناچ کوراڑو ایریا میں ٹرالر اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ حادثے کے باعث شاہراہ بند ہوکر رہ گیا ہے۔

دوسری جانب لورالائی کلی درگئی کے مقام پر ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل ولی خان ولد محمد سلام کدیزئی نامی شخص جان کی بازی ہار گیا ہے، متوفی کی نعش ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ لورالائی پولیس نے ٹرک قبضے میں لیکر کاروائی شروع کر دی ہے

دریں اثناء خضدار کے تحصیل زہری سرآپ مسعودشادی میں زمین کے تنازعہ پر تصادم اور فائرنگ کے تبادلے میں گل حسن لہڑی اور انکے بیٹے شاہ نواز لہڑی شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طورپر سکندر زہری ہسپتال نورگامہ لائی گئی جنہیں فوری طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔