بلوچستان: حادثات اور واقعات میں 4 افراد جانبحق، 17 زخمی

108

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد جانبحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے بولان کے قریب تیز رفتار پک اپ گاڑی ٹائر برسٹ ہونے کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

بولان زخمیوں مائی سکینہ، عارفہ بی بی، محمد سلیم، مقبول احمد، سریہ، نایاب، منیر، دل وش، محمد بالاچ، شہباز، خالدہ، انور بی بی، نازو، میرزادی، صغریٰ، آصف علی، نویداحمد، محمد آفاق شامل ہیں۔

لیویز کے ہمراہ ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

کوئٹہ ہزار گنجی میں کراچی روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے سائیکل سوار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں سائیکل سوار موقع پر جانبحق جبکہ ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لیکر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ لاش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

ادھر بلوچستان کے ضلع نوشکی سے چاغی آنے والی باراتیوں کی گاڑی تیز رفتار کے سبب چاغی ڈاک کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک مرد اور خاتون باراتی موقع پر ہی جانبحق جبکہ دیگر چھ افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

دریں اثناء جانب کوئٹہ نواں کلی ٹیچر کالونی میں ایک شخص نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے بی بی باران نامی خاتون کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔

کوئٹہ پولیس کے مطابق واقعہ میں قتل ہونے والی خاتون اغوا کے کیس میں ضمانت پر رہا تھی، قتل کی مزید تحقیقات پولیس کررہی ہے۔