ڈیرہ بگٹی جھڑپ: سرکاری فورس کے دو اہلکار ہلاک، پانچ زخمی

521

‎ضلع بارکھان اور ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقے اوچھڑی میں مسلح افراد اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے باعث دو اہلکار ہلاک جبکہ 5 زخمی ہو گئے ۔

رات گئے تک دو طرفہ فائرنگ جاری رہنے کی اطلاع تھی، وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے چچا زاد بھائی خان محمد مسوری بگٹی کے مطابق ڈیرہ بگٹی اور بارکھان کے سرحدی علاقے اوچھڑی میں مسلح افراد کی جانب سے نجی کمپنی کے موبائل ٹاور کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے کے بعد علاقے میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر امن فورس کے رضا کاروں نے مسلح افراد کا تعاقب کیا تو مسلح افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر امن فورس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ بگٹی ڈاکٹراعظم بگٹی کے مطابق زخمی سرکاری فورس کے اہلکاروں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر رکھنی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

آخری اطلاعات تک فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔