پشین میں سی ٹی ڈی کا 5 مشتبہ افراد کو مارنے کا دعویٰ

319

بلوچستان کے علاقے ضلع پشین میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے مسلح تنظیم کے پانچ افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ روز سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی کہ ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 5 شارپ شوٹر پشین کے علاقے سرخاب مہاجر کیمپ میں کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی نے علاقے کا گھیراؤ کر کے مشتبہ افراد کو ہتھیار ڈالنے کی تنبیہ کی تاہم انہوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔

اس پر سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں پانچ افراد احمد اللہ عرف علی عرف بدری، احسان اللہ عرف متوکل عرف حامد، سمیع اللہ اور ان کے دو ساتھی مارے گئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے جانے والے افراد کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، ایک 30بور ٹی ٹی پستول، دو نائن ایم ایم پستول، گولیاں، دو ہینڈ گرینیڈ، ایک آئی ڈی، 4 کلو دھماکا خیز مواد، پرائما کارڈ اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

خیال رہے بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں مشکوک ہوتی ہے، ماضی میں سی ٹی ڈی کے مقابلے میڈیا و دیگر ذرائع سے جعلی ثابت ہوچکے ہیں۔

ان کارروائیوں میں مارے جانے والوں میں اکثریت کی شناخت بلوچ لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی جبکہ بعض مذہبی جماعتوں کے زیرحراست افراد کو مارے جانے کے شواہد بھی ملے ہیں۔