پاکستانی صدر اور وزیراعظم کی پنجگور میں پنجاب کے رہائشیوں کے ہلاکت کی مذمت

380

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب و بلوچستان سمیت دیگر  نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کے ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پنجگور میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے ہلاک افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

آصف زرداری نے حملہ آوروں کیخلاف موثر کارروائی پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جب کہ زخمی شخص کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہمدردیاں ہلاک اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا اور آخرت دونوں میں دیں گے، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے، بلوچستان میں ایک بار پھر دہشتگرددوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجگور میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی۔