لاپتہ رفیق اومان کی بازیابی کے لیے مہم چلائی جائے گی – بلوچ وائس فار جسٹس

108

بلوچ وائس فار جسٹس کی ترجمان نے ایک پریس ریلیز بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 ستمبر کو شام 8 بجے سے رات 12 بجے تک ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک کمپین چلائی جائے گی، جس کا مقصد پچھلے 10 سالوں سے جبری لاپتہ رفیق اومان کی باحفاظت بازیابی کے لیے آواز اٹھانا ہے۔

ترجمان نے عوام اور انسانی حقوق کے تمام حامیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور شرکت کریں اور رفیق اومان سمیت دیگر جبری لاپتہ افراد کے لیے آواز بلند کریں، رفیق اومان ایک ٹیچر ہے جو پچھلے 10 سال سے جبری لاپتہ ہیں، ان کی جبری گمشدگی سینکڑوں طلباء کو تعلیمی تاریکی میں دھکیلنے کی مترادف ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 20 ستمبر کو معروف قوم پرست رہنماء استاد واحد قمبر کی خاندان کی جانب سے ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ایکس پر رات 8 بجے سے 11 بجے تک کمپین چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بلوچ وائس فار جسٹس کمپین کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ استاد واحد قمبر کی بازیابی کے لیے چلائی جانے والی مہم میں ان کے ساتھ ہے اور یہ نہ صرف ان کے خاندان کے لیے بلکہ تمام جبری لاپتہ افراد کے لیے انصاف کی جدوجہد کا حصہ ہے۔

بلوچ وائس فار جسٹس کی ترجمان نے انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی کارکنوں، اور سول سوسائٹی کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں کمپین میں شرکت کریں تاکہ جبری گمشدگیوں کے خلاف ایک مضبوط اور مؤثر پیغام دیا جا سکے۔ اس مہم کا مقصد دنیا بھر میں موجود لوگوں کو بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جبری گمشدگیوں کے مسئلے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ رفیق اومان اور استاد واحد قمبر جیسے بے گناہ افراد کا جبری طور پر لاپتہ ہونا ان کے خاندانوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے اور یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس لیے تمام مکتبہ فکر سے وابستہ افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مہم میں اپنی آواز شامل کریں اور انسانی حقوق کے اس اہم مسئلے کو دنیا کے سامنے لائیں۔

ترجمان نے آخر میں کہا کہ بلوچ وائس فار جسٹس جبری گمشدہ افراد کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔