قلات پاکستانی فورسز کا کلیئرنس آپریشن میں 2 مشتبہ افراد کو مارنے کا دعویٰ

430

‎بلوچستان کے علاقے ضلع قلات میں پاکستانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب قلات میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا-

آئی ایس پی آر کے دعوے کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 مشتبہ افراد مارے گئے اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ کل شام کو ہی بلوچستان کے علاقے ضلع پشین میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے مسلح تنظیم کے پانچ افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق پشین کاروائی میں احمد اللہ عرف علی عرف بدری، احسان اللہ عرف متوکل عرف حامد، سمیع اللہ سمیت دو افراد فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے ہیں-

‎خیال رہے بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں مشکوک ہوتی ہے، ماضی میں پاکستانی فورسز اور سی ٹی ڈی کے مقابلے میڈیا و دیگر ذرائع سے جعلی ثابت ہوچکے ہیں، ان کارروائیوں میں مارے جانے والوں میں اکثریت کی شناخت بلوچ لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی جبکہ بعض مذہبی جماعتوں کے زیرحراست افراد کو مارے جانے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے تاحال قلات میں مارے جانے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے-