قلات سے دو نوجوان گھروں سے جبری طور پر لاپتہ

724
اختر شاہ، سحاج مینگل

قلات سے گذشتہ رات پاکستانی فورسز نے دو نوجوانوں کو ان کے گھروں سے جبری طور پر لاپتہ کردیا۔

بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے کلی پندرانی سے پاکستانی فورسز نے اختر شاہ ولد حسین شاہ  اور سحاج مینگل ولد محمد حنیف کو پاکستانی فورسز نے ان کے گھروں سے جبری طور لاپتہ کردیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق گذشتہ رات پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد نے کلی پندرانی کو مکمل گھیرے میں لیکر گھروں پر دھاوا بول دیا اس دوران فورسز نے مذکورہ نوجوانوں کو حراست میں لیکر آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر گاڑیوں میں پھینک دیا۔

مذکورہ دونوں نوجوانوں کے حوالے سے کسی قسم کی اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہے۔ ضلعی حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا۔

بلوچستان بھر میں روزانہ کی بنیاد پر جبری گمشدگیوں کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔ ٹی بی پی ڈیٹا ویژول اسٹوڈیو کے اعداد شمار کے مطابق اگست کے مہینے میں بلوچستان بھر سے 37 افراد جبری طور پر لاپتہ ہوئے جبکہ 9 لاپتہ افراد بازیاب ہوئے اور 6 لاشیں برآمد ہوئیں۔