دونوں بھائیوں کو نرمک سے حراست میں لیکر قلات کے قریب جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا ہے۔ اہل خانہ
پاکستانی فورسز کے شعبہ تعلقہ عامہ “آئی ایس پی آر” کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی فورسز نے قلات کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے مقابلے میں دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
ہفتے کے دوپہر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دؤران پاکستانی فورسز کو بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود بھی ملی ہیں، تاہم آئی ایس پی آر نے مارے گئے افراد کے نام ظاہر نہیں کئے تھے۔
تاہم دوسری جانب پاکستانی فورسز کے مقابلہ میں مارے گئے دونوں افراد کی شناخت اسماعیل اور حبیب اللہ ولد عبدالنبی لہڑی کے نام سے ہوئی جو آپس میں بھائی ہیں اور ضلع قلات کے کے علاقے نرمک کے رہائشی ہیں۔
مذکورہ نوجوانوں کے اہلخانہ نے پاکستانی فورسز کے دعویٰ کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں افراد کو آج ہی انکے گھر سے پاکستانی فورسز نے چھاپہ مارتے ہوئے حراست میں لیکر چند گھنٹوں بعد جعلی مقابلے میں قتل کردیا ہے ۔
مارے گئے افراد کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ دونوں نوجوان زراعت سے منسلک تھے اور مزدوری کرتے تھے جبکہ ان میں سے ایک بھائی شدید مرض میں مبتلا تھا-