بولان میں بڑے پیمارے پر فوجی آپریشن، ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ

1233

بولان میں گذشتہ روز سے فوجی آپریشن جاری، ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ، کلبر میں جاسوس طیاروں کی مسلسل پروازیں

بلوچستان کے علاقے بولان میں گذشتہ روز سے پاکستانی فوج بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن میں مصروف ہے۔

اطلاعات کے مطابق جمبرو، پُڑ، چکی واڑ اور گردنواح کے علاقوں میں گذشتہ روز فوجی آپریشن کا آغاز کیا گیا جہاں کئی مقامات پر ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ رات ہیلی کاپٹروں کی پروازیں جاری رہیں جبکہ آج بھی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھنے میں آئی ہیں۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے گذشتہ روز مقامی افراد کے گھروں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شیلنگ میں نشانہ بنایا تاہم جانی نقصانات کی اطلاعات نہیں ہے۔

دریں اثناء ضلع کیچ کے علاقے تمپ، کلبر میں گذشتہ رات مسلسل جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری رہیں۔

حکام نے اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔ بلوچستان بھر میں فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دو روز قبل بولان کے علاقے مچھ اور اس سے متصل علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کی پروازوں سمیت مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں فوجی نقل و حرکت دیکھنے میں آئی تھی۔

اسلپنجی میں آپریشن میں مصروف فوج کے اہلکاروں کو ایک بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔