بارکھان: مسلح افراد اور سرکاری مسلح گروہ میں جھڑپوں کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری

544

حکومتی حمایت یافتہ گروہ اور مسلح افراد کے مابین جھڑپوں کے بعد پاکستانی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے-

پاکستانی فورسز حکام کے مطابق بارکھان کے یونین کونسل اوچھڑی میں مسلح افراد کے خلاف فورسز آپریشن جاری ہے، گذشتہ روز مسلح افراد اور سرکاری حمایت یافتہ گروہ یعنی ڈیتھ اسکواڈ کے مابین جھڑپوں میں ڈیتھ اسکواڈ کے کم از کم دو اہلکار ہلاک و متعدد زخمی ہوگئے۔

ایف سی 86 ونگ، لیویز اور ڈیتھ اسکواڈ نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا ہے، آپریشن کا سلسلہ شام 4 بجے سے شروع ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ شب ضلع بارکھان اور ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقے اوچھڑی میں مسلح افراد اور سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ امن فورس کے اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے باعث بگٹی امن فورس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ 5 کے زخمی ہونے کے اطلاعات موصول ہوئی تھی-

گذشتہ رات گئے تک دو طرفہ فائرنگ جاری رہنے کی اطلاعات تھی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے چچا زاد بھائی خان محمد مسوری بگٹی کے مطابق ڈیرہ بگٹی اور بارکھان کے سرحدی علاقے اوچھڑی میں مسلح افراد کی جانب سے نجی کمپنی کے موبائل ٹاور کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے کے بعد علاقے میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر بگٹی امن فورس کے اہلکاروں نے مسلح افراد کا تعاقب کیا تو مسلح افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر امن فورس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ بگٹی ڈاکٹر اعظم بگٹی کے مطابق زخمی سرکاری فورس کے اہلکاروں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر رکھنی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

جبکہ آج پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے تاہم ابتک کسی قسم کی مزید جھڑپوں کے اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔