اسمبلی سے استعفی اختر مینگل کا ذاتی فیصلہ ہے ہم جمہوری عمل نہیں چھوڑینگے -ڈاکٹر مالک

405

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ سردار اختر جان مینگل کااسمبلی سے مستعفیٰ ہونا انکا اپنا اورپارٹی کا فیصلہ ہے لیکن ہمیں جمہوری عمل کو نہیں چھوڑنا چاہئے جمہوری عمل کا حصہ ہوکر اپنے حقوق کی جدوجہد کرنی چاہئے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعدصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ میں جمہوری عمل چھوڑنے کے حق میں نہیں ہوں،سرداراختر جان مینگل کے اسمبلی سے مستعفی ہونے سے جمہوری عمل کو نقصان پہنچا ہے صاحب اقتدار لوگوں کو اس بات کا احساس کرنا چاہئے کہ اگر ہم جمہوری عمل سے دور ہوگئے تواسکے اچھے نتائج وفاق پر مرتب نہیں ہونگے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد نیشنل پارٹی میں وسعت آئی ہے ہمیں بلوچ علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں دیگر جماعتوں کی اپنی جدوجہد ہے اس پر میں بات نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے یہ ضرور کہا تھا کہ الیکشن نہیں آکشن ہوئے ہیں مگر اسمبلیوں میں نہ جانے کا بیان نہیں دیاتھا۔