اسرائیل کا لبنان پر بمباری، حزب اللہ رہنماء حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

136

اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی ٹاؤن میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ کیا ہے-

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے طاقتور میزائلوں سے فضائی حملے کئے، اسرائیلی فوج نے ائیرپورٹ روڈ پر مخصوص عمارت کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے البرج عمارت پر 10 میزائل داغے۔

‎لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ 76 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سےکہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے سینٹرل کمانڈ کو بمباری کا نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حزب اللہ کا سینٹرل کمانڈ عمارت کے نیچے قائم کیا گیا تھا، بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق گذشتہ 5 روز میں یہ اسرائیلی فوج کی بیروت پر سب سے طاقتور بمباری ہے، جنوبی ٹاؤن پراسرائیلی بمباری میں 4 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب ایرانی خبررساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ محفوظ رہے  تاہم حزب اللہ کی جانب سے اب تک اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آسکا ہے-

‎ایک سینیئر ایرانی سکیورٹی ذرائع نے خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا ہے کہ ایران حسن نصر اللہ کے بارے میں معلومات حاصل کررہا ہے۔

‎رائٹرز کے مطابق حزب اللہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں حسن نصر اللہ کی شہادت نہیں ہوئی ہے تاہم اسرائیل میں میڈیا انکی بیٹی کی بھی ہلاکت کا دعویٰ کررہے ہیں۔