پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کا کارخانہ چلانے کے لیے دیگر ممالک سے پیسے مانگتا ہے۔بھارت

266

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر پاکستان نے بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات رکھے ہوتے تو نئی دہلی اسلام آباد کو اس سے زیادہ رقم دیتا جو اس نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مانگی ہے۔

کشمیر کے علاقے گریز میں اتوار کے روز ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا، ”سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کہتے تھے کہ آپ دوست بدل سکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں۔ اگر ہمارے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہوتے، تو ہم پاکستان کو اس سے زیادہ رقم دیتے جو اس نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مانگی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’’اٹل بہاری واجپائی نے ایک بار کہا تھا کہ جب انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت اکٹھے ہو جائیں گے، تو کشمیر کو دوبارہ جنت بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ جموں و کشمیر میں الیکشن محض کوئی عام انتخاب نہیں ہے، یہ بھارت کی جمہوریت اور اس کی طاقت کا ایک مظاہرہ ہے۔‘‘

راج ناتھ سنگھ نے کہا، ”مودی جی نے 2014 اور 2015 میں جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے خصوصی پی ایم پیکج کا اعلان کیا تھا۔ وہ پیکج اب اتنا بڑھ گیا ہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے جتنی رقم مانگی ہے، اس سے بھی زیادہ ہے۔ اگر بہتر تعلقات ہوتے تو ہم پاکستان کو اس سے زیادہ رقم دیتے جو اس نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے مانگی ہے۔‘‘

بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ مرکز بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو ترقی کے لیے رقم دیتا ہے، جبکہ ”پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کا کارخانہ چلانے کے لیے دیگر ممالک سے پیسے مانگتا ہے۔

بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا، ”پاکستان دہشت گردی کو بھارت کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے اور عالمی سطح پر تنہا ہو چکا ہے، حتیٰ کہ اس کے قابل اعتماد حلیف بھی اب پیچھے ہٹ گئے ہیں۔‘‘

بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ اگر بھارت میں کوئی دہشت گردانہ حملہ ہوا تو ”ہم بھی جوابی حملہ کریں گے، خواہ دشمن کہیں بھی ہو۔‘‘

انہوں نے کہا، ”بھارت کی ہر حکومت نے پاکستان سے کہا کہ وہ اپنی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد کیمپوں کو بند کر دے، لیکن پاکستان ایسا نہیں کر رہا۔ پاکستان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ ایک نیا بھارت ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہیں، صرف اس طرف نہیں۔ بلکہ اگر ضرورت پڑی تو ہم سرحدوں کے دوسری طرف جا کر بھی ایسا کریں گے۔‘‘

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جب بھی خفیہ ایجنسیوں نے کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی تحقیقات کیں، تو ”پاکستان کو ہمیشہ ان میں ملوث پایا۔