لبنان میں پیجرز دھماکے سے پھٹنے لگے، حزب اللہ کے ارکان سمیت 1000 سے زیادہ زخمی

281

رائٹرز نے ایک سیکیورٹی ذریعے کے حوالے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ لبنان کے عسکری گروپ حزب اللہ کے سینکڑوں ارکان، جن میں جنگجو اور طبی کارکن بھی شامل ہیں، منگل کے روز اس وقت شدید زخمی ہو گئے جب ان کے پاس موجود پیجرز دھماکے سے پھٹ گئے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے، جن میں کئی دوسرے لوگ بھی شامل ہیں۔

رائٹرز نے سیکیورٹی کے تین ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جن پیجرز میں دھماکے سے پھٹنے کے واقعات ہوئے ہیں، وہ اس وائرلس آلے کا جدید ترین ماڈل ہے، جسے حالیہ مہینوں میں حزب اللہ نے اپنے ارکان کے لیے خریدا تھا۔

پیجر وائرلس پر کام کرنے والا موبائل فون طرز کا ایک چھوٹا سا آلہ ہے جسے تحریری یا صوتی پیغام بھیجنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔حزب اللہ کے اکثر ارکان رابطوں کے لیے پیجرز استعمال کرتے ہیں۔

حزب اللہ کے ایک اہل کار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پیجرز میں ہونے والے دھماکوں کا تعلق ‘سیکیورٹی کے نظام سے متعلق خفیہ معلومات کی سب سے بڑی چوری ہے‘۔

حزب اللہ کے کئی ارکان کو خدشہ ہے کہ اسرائیل نے ان کے پیجرز کے سسٹم میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

امریکی میڈیا چینل سی این این نے اپنی ایک رپورٹ میں این این اے (نیشنل نیوز پیپرز ایسوسی ایشن) کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیکرز کو پیجرز تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔

کچھ لوگ یہ خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ ہیکرز کے سگنلز سے پیجرز کی بیٹریاں دھماکے سے پھٹ رہی ہیں۔

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے حزب اللہ کے عسکریت پسند اسرائیل پر راکٹ حملے کر رہے ہیں اور وہ لبنان کے ساتھ ملحق اسرائیل کی شمالی سرحد پر تقریباً روزانہ کی بنیاد پر فائرنگ کرتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ہزاروں اسرائیلیوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کے دفتر نے پیر کو دیر گئے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم کی جنگی کابینہ نے حزب اللہ کے حملے روکنے اور شمالی سرحد کے اسرائیلیوں کی اپنے گھروں میں محفوظ واپسی کے لیے کارروائی کی منظوری دی ہے۔ تاہم اس بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں گئیں۔

رائٹرز کاکہنا ہے کہ پیجرز پھٹنے سے متعلق سوال کا اسرائیلی فوج نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

رائٹرز کے ایک صحافی نے بتایا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر خوف و ہراس کی صورت حال ہے اور سڑکوں پر ایمبولنسز بھاگتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلا دھماکہ ہونے کے 30 منٹ کے بعد بھی دھماکے کے ساتھ پیجرز کے پھٹنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لبنان کے جنوبی حصے سے بھی پیجرز پھٹنے کی اطلاعات آ رہی ہیں۔

ایک مقامی ٹی وی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک گراسری اسٹور پر کیشیئر کے پاس رکھا ہوا پیجر دھماکے سے اس وقت پھٹ گیا جب ایک گاہگ اپنی خریداری کی ادائیگی کر رہا تھا۔

ایک اور ٹی وی فوٹیج میں پھلوں کے ایک اسٹال پر دھماکے کے بعد ایک شخص کو گرتے ہوئے دکھایا گیا۔

لبنان کی وزارت صحت کے ہنگامی صورت حال سے نمنٹے کے یونٹ نے تمام طبی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اسپتالوں میں پہنچیں اور زخمیوں کی دیکھ بھال کریں۔

حکام نے طبی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ پیجرز کا استعمال نہ کریں اور اس سے دور رہیں۔